بنگلورو،28؍مارچ(ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ سدرامیا نے آج صبح محکمۂ انکم ٹیکس کی طرف سے ریاست کے جے ڈی ایس سیاسی قائدین کے ٹھکانوں پر مارے گئے چھاپوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان چھاپوں سے مودی کی شکست کا خوف جھلک رہا ہے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پانچ سال تک ملک کے عوام کو جھوٹ بول بول کر گمراہ کرنے کے بعد اب جبکہ دوبارہ عوام کے سامنے جانا پڑ رہا ہے مودی ایک بار پھر جھوٹ اور فریب کا سہارا لے رہے ہیں۔اقتدار کا غلط استعمال کرتے ہوئے عوام دشمن اور ملک دشمن فیصلے لینے والے مودی اب اپنے سیاسی حریفوں کو نشانہ بنانے پر تلے ہوئے ہیں اور سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرنے پر اتر آئے ہیں۔
بنگلور پیالیس گراؤنڈ میں کانگریس جے ڈی ایس انتخابی مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں دو دو پارٹیوں کی طرف سے منعقد ہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نوٹ بندی ، بے روزگاری میں بے تحاشہ اضافہ، ملک کی معاشی تنزلی ، ان تمام نکات سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے مودی ہر طرح کے حربے آزمانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ پانچ سال کی حکمرانی میں ملک کے کسان، اقلیتیں اور دیگر کمزور طبقات اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں۔ نوٹ بندی کے ذریعے دعویٰ کیاگیا تھا کہ نقلی نوٹوں کے کاروبار کو ختم کردیا جائے گا۔ جبکہ نئے نوٹ منظر عام پر آنے کے بعد نقلی نوٹوں کے کاروبار میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ دہشت گردی ختم کرنے کا دعویٰ پلوامہ حملے کے دوران جھوٹا ثابت ہوگیا۔ کرپشن کم نہیں بلکہ کئی گنا زیادہ ہوگیا۔ مودی اور امت شاہ اچھے دن لانے کی جو باتیں کررہے تھے وہ صرف اپنے ساتھیوں ادانی اور امبانی کے لئے تھیں۔
انہوں نے کہاکہ پچھلے 70سالوں کے دوران ملک کی ترقی کے لئے سابقہ حکومتوں نے جو کچھ کیا ہے ان سب کو نظر انداز کرتے ہوئے مودی دعویٰ کرتے ہیں سب کچھ ان کے دور میں ہوا ہے ان کا جھوٹ اور بھی کھل کر سامنے آگیا ہے۔ملک کے عوام آنے والے دنوں میں اس جھوٹ کی سزا ضرور دیں گے۔ٹیوئیٹر کے ذریعے بی جے پی کی حرکتوں اور میسور ، منڈیا اور کنکاپورہ سمیت متعدد مقامات پر محکمۂ انکم ٹیکس کے چھاپوں پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سدرامیا نے بی جے پی کو سب سے بزدل سیاسی جماعت قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ انتخابی میدان میں اتر کر مقابلہ کرکے اپنی سیاسی جرأتمندی ثابت کرنے کی بجائے مودی اور ان کے چیلے سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے اپنے حریفوں کو دہشت زدہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن کانگریس اور جے ڈی ایس اتحاد بی جے پی کی ان سازشوں سے ڈرنے والا نہیں ہے۔